ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے بالی وُڈ اداکار کارتک آریان کے ساتھ فلم کی پیشکش سے متعلق اپنے بیان پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ دوسروں کی کامیابی کو خوشی سمجھنے کے بجائے اسے دکھاوا تصور کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جنت مرزا کا ایک پرانا کلپ وائرل ہوا جس میں وہ دعویٰ کرتی نظر آئیں کہ انہیں کارتک آریان کے ساتھ فلم میں مرکزی کردار کی آفر دی گئی تھی تاہم انہوں نے نہ صرف یہ آفر ٹھکرا دی بلکہ اس کی وجوہات بھی واضح کر دیں۔
جنت کے مطابق ایک تو ان کے والد انہیں بھارتی فلموں میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور دوسرا انہیں بھارت جا کر کام کرنے کی کوئی خواہش بھی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اُن کے لیے اپنے ملک میں کام کرنا زیادہ قابلِ فخر اور مناسب ہے۔
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر طنزیہ تبصرے شروع ہو گئے۔ کچھ صارفین نے جنت کے دعوے کو غیر سنجیدہ قرار دیا، ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ شاہ رخ خان نے بھی جنت کو فلم میں کاسٹ کرنے کی پیشکش کی تھی مگر وہ مصروف تھیں۔
تنقید کے بعد جنت مرزا نے انسٹاگرام پر ایک مبہم مگر معنی خیز پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی لوگ دکھاوا نہیں کر رہے ہوتے بلکہ اپنی خوشی کے لمحات بانٹ رہے ہوتے ہیں، تب تک جب تک آپ اسے حسد کی نگاہ سے نہ دیکھیں۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاکر جنت مرزا کی پرانی ویڈیو کلپ وائرل ہوگئی، جس میں وہ دعویٰ کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ انہیں بولی وڈ اداکار کارتک آریان کے ساتھ فلم میں کام کی پیش کش ہوئی تھی۔
جنت مرزا کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو کلپ ان کی جانب سے 2020 میں یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو کی ہے جس میں انہوں نے کیریئر سے متعلق کھل کر گفتگو کی تھی۔
جنت مرزا دیگر انٹرویوز میں بھی متعدد دعوے کر چکی ہیں کہ انہیں پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں بھی کام کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
جنت مرزا انکشاف کر چکی ہیں کہ انہیں ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کے ڈرامے میں کبریٰ خان کے منفی کردار کی پیش کش ہوئی تھی جب کہ انہیں مقبول ڈرامے ’پری زاد‘ میں بھی اشنا شاہ کی جانب سے ادا کیے گئے کردار کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا۔
جنت مرزا ایک پنجابی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ میں کام کر چکی ہیں، جس کی ہدایات سید نور نے دی تھیں اور صائمہ نے ان کی والدہ کا کردار ادا کیا تھا لیکن فلم فلاپ ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ جنت مرزا کو ماضی میں پاک بھارت کشیدگی پر خاموش رہنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، لندن میں صحافیوں نے جنت مرزا سے پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کوئی بات کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کرنے کو ترجیح دی جس پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے کہ اگرچہ جنت مرزا نے کوئی جواب نہیں دیا لیکن اس باوجود انہیں بھارت میں کام نہیں ملے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








