ملک کے سابق اور موجودہ کرکٹرز بڑے فراڈ کا شکار، کروڑوں روپے ڈوب گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

کرکٹرز
(فوٹو: جیو نیوز)

ملک کے سابق اور موجودہ کرکٹرز کے ساتھ بڑا مالی فراڈ ہوا ہے، اب تک سامنے آنے والے مبینہ حقائق کے مطابق کرکٹرز کے کروڑوں روپے ایک کاروباری شخصیت کے ساتھ سرمایہ کاری کے نام پر ڈوب گئے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹرز نے مبینہ فراڈ کی اب تک کسی پلیٹ فارم پر باضابطہ شکایت درج کرانے کی تصدیق نہیں کی اور تشویشناک طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی رابطہ نہیں کیا۔ بیشتر کرکٹرز سابق کپتان کی دیکھا دیکھی ایک کاروباری شخص پر اعتماد کرکے فراڈ کا شکار ہوئے۔

ابتدائی طور پر کھلاڑیوں نے ڈبل منافع ملنے کے لالچ میں رقم کی سرمایہ کی تھی۔ سرمایہ کاری کرنے والوں میں سابق اور موجودہ کپتانوں کے نام بھی شامل ہیں۔ بعض کرکٹرز نے براہِ راست بھی کاروباری شخص کو سرمایہ کاری کیلئے رقم دی تھی۔ کروڑوں کی رقم منافعے کے چکر میں گنوا دی گئی۔

کاروباری شخصیت نے ابتدائی طور پر تو کرکٹرز کو منافع دیا، تاہم کچھ ہی عرصے بعد فراڈ بزنس مین منظر سے غائب ہوگیا، جو اب امریکا میں رہائش پذیر ہے۔ مبینہ ملزم کی کئی پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ دوستیاں تھیں۔ کرکٹرز نے دعویٰ کیا کہ اب یہ شخص اپنا فون بھی بند کرچکا ہے۔

منافعے کی امیدیں کھو دینے والے کرکٹرز اب اپنی اصل رقم واپس لینے کی کوشش میں ہیں تاہم فراڈ شخص سے رابطہ نہیں ہو پارہا، تاہم کچھ کرکٹرز نے اس سے قبل رقوم کی واپسی کی کوشش کی اور بعض کو کچھ رقم واپس مل بھی گئی، کرکٹرز کا ایک مشہور ایجنٹ بھی رقم سے محروم افراد میں شامل تھا۔

Related Posts