مری: برفباری کا 20سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سڑکیں بند، سیاح پھنس گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

مری
(فوٹو: آن لائن)

مری کے مضافاتی علاقوں میں برفباری کا 20سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ مری میں 2 سے 3 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی جاچکی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برفباری رات تک جاری رہے گی۔ برفباری کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں اور سیاح پھنس گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مری اور مضافات میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہے۔ ضلعی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ مری میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ مری میں برفباری اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

مری آنے والی ٹریفک کو مری ایکسپریس وے سے باہر بھیجا جارہا ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی ہے کہ دکانداروں اور ریسٹورنٹ مالکان پر نظر رکھی جائے۔ سیاحوں سے زائد کرایہ اور خدمات کی مہنگی فیسیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل رات کے وقت ہونے والی شدید برفباری کے باعث مری کی جانب جانے والے داخلی راستے بند کردئیے گئے تھے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق مری جانے والے دونوں اہم راستوں پر ڈائیورشنز قائم کر دی گئیں اور ٹریفک کو واپس موڑا جا رہا ہے۔

مری انتظامیہ برفباری کے باعث بند ہونے والے راستوں کو کھولنے کے لیے مشینری کے ذریعے کام میں مصروف ہے۔ترجمان نے مری جانے کے خواہشمند سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ تاحکمِ ثانی اس طرف سفر سے اجتناب کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راستوں کی بحالی سے متعلق صورتحال بہتر ہوتے ہی سیاحوں کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل بارش اور برفباری کے بعد جمعرات کو ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی کی لہر پھیل گئی۔ ایبٹ آباد میں برسوں بعد برفباری نے لوگوں کو مسحور کردیا۔

Related Posts