پاکستان اور جرمنی کے درمیان نوجوانوں کے مستقبل، تعلیم اور ہنرمندی کے شعبوں میں تعاون کو نئی سمت دینے کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے تعلیمی اور فنی شراکت داری کو وسعت دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم آفس میں پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینکا لیپل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نوجوانوں کی تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر جرمن سفیر اینکا لیپل نے کہا کہ جرمن حکومت پاکستان سے جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت جرمنی میں تقریباً 6 ہزار پاکستانی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ آئندہ برسوں میں اس تعداد کو بڑھا کر 10 ہزار تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔
جرمن سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور اکیڈمک تبادلوں کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، خصوصاً ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) کے شعبے میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
ملاقات میں گرین یوتھ موومنٹ پر بھی گفتگو ہوئی، جو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ایک اہم اقدام ہے۔ اس تحریک کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحول دوست سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کرنا ہے۔
جرمن سفیر نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کی شمولیت، مہارتوں کی ترقی اور روزگار سے متعلق اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے تعلیم، فنی تربیت، مہارتوں کی ترقی اور یوتھ ایکسچینج پروگرامز میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








