پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے ڈیجیٹل تجارت کے میدان میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ سائبریڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے تیار کردہ جدید اے آئی چیٹ بوٹ “خضر” کو باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا گیا ہے، جو پاکستان سنگل ونڈو پلیٹ فارم اور ٹریڈ انفارمیشن پورٹل آف پاکستان (TIPP) دونوں پر دستیاب ہے۔
پی ایس ڈبلیو کے مطابق ’’خضر‘‘ تجارتی برادری کے لیے ایک خودکار ڈیجیٹل معاون ہے جو درآمد، برآمد اور ٹرانزٹ کے تمام مراحل سے متعلق قوانین، طریقہ کار اور درکار دستاویزات پر فوری رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ یہ چیٹ بوٹ 24 گھنٹے دستیاب ہے اور اس کی بدولت تاجروں کے لیے معلومات تک رسائی اب کہیں زیادہ آسان، تیز اور شفاف ہو گئی ہے۔
پی ایس ڈبلیو کے چیف اسٹریٹجی اینڈ آپریشنز آفیسر اطہر فہیم کے مطابق ’’خضر‘‘ کا آغاز پاکستان میں تجارتی عمل کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چیٹ بوٹ تاجروں کو درست معلومات فراہم کر کے نہ صرف شفافیت اور سہولت بڑھائے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی تجارتی مسابقت کو بھی تقویت دے گا۔
سائبریڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف انوویشن آفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ خان نے کہا کہ قومی سطح کے منصوبے ’’پاکستان سنگل ونڈو‘‘ میں تعاون کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق سائبریڈ کا مقصد ایسی ٹیکنالوجی تخلیق کرنا ہے جو معلومات تک رسائی کو تیز اور آسان بنائے، تاکہ پاکستان کے ڈیجیٹل ترقی کے سفر کو مزید رفتار ملے۔
آئندہ مرحلے میں پی ایس ڈبلیو اور سائبریڈ ’’خضر‘‘ میں مزید فیچرز شامل کرنے، اس کی صلاحیتوں میں بہتری لانے اور صارفین کے تجربے کو مزید موثر بنانے پر کام کریں گے۔
تجارت کے شعبے میں جدیدیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ’’خضر‘‘ کی شمولیت پاکستان سنگل ونڈو کے اس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی تاجروں کے لیے کاروباری عمل کو زیادہ آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








