کابل میں بڑا خود کش حملہ، 6 افراد جاں بحق، 13 زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو الجزیرہ

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بڑے خودکش حملے میں چھ افراد پر جاں بحق ہوگئے۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین نے خبر رساں ایجنسی ”روئٹرز“ سے بات کرتے ہوئے دھماکے کی تصدیق کی، انہوں نے مزید کہا کہ دھماکا دارالامان کے جنوب مغربی علاقے میں ہوا۔ طالبان پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ”اے ایف پی“ کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان خالد زادران نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں بتایا کہ آج دوپہر دھماکا خیز مواد سے بھری خودکش جیکٹ پہنے ایک شخص نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں بدقسمتی سے ایک خاتون سمیت چھ شہری جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔ فوری طور پر کسی نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ دھماکا جنوبی کابل کے علاقے قلعہ بختیار میں ہوا اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

افغانستان میں 2021 میں طالبان کی جانب سے اقتدار سنبھالنے اور دو دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے کے بعد پرتشدد واقعات میں کمی آئی ہے۔ تاہم اسلامک اسٹیٹ خراسان کے نام سے معروف کالعدم تنظیم داعش افغانستان میں سرگرم ہے اور وہ باقاعدگی سے شہریوں، غیر ملکیوں اور طالبان اہلکاروں کو بندوق اور بم حملوں سے نشانہ بناتا ہے۔

Related Posts