پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کے روز شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ کے ایس ای-100 انڈیکس دن بھر اتار چڑھاؤ کا شکار رہا اور بالآخر تقریباً 482 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
انڈیکس نے دن کا آغاز مثبت انداز میں کیا اور دن کے دوران 158,850 کی بلند ترین سطح کو چھوا تاہم سیشن کے دوسرے حصے میں فروخت کے دباؤ نے اسے منفی زون میں دھکیل دیا۔
ٹریڈنگ کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 482.71 پوائنٹس یا 0.31 فیصد کی کمی کے ساتھ 157,554.66 پر بند ہوا۔
یہ گراوٹ گزشتہ ہفتے کی شاندار کارکردگی کے بعد دیکھی گئی جب کے ایس ای-100 انڈیکس 3,597.68 پوائنٹس یا 2.3 فیصد اضافے کے ساتھ 154,439.69 سے بڑھ کر 158,037.37 پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہوتا رہا۔ انٹربینک مارکیٹ میں پیر کے روز روپیہ 0.06 فیصد مضبوط ہوا۔ صبح 10:30 بجے تک، روپیہ 281.28 پر ٹریڈ کر رہا تھا جو سیشن کے دوران 0.18 روپے کے اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








