آئندہ انتخابات، 2024 میں بی جے پی کو یکطرفہ جیت نہیں ملیگی۔امرتیہ سین

تازہ ترین

تازہ ترین

نئی دہلی: معروف بھارتی ماہرِ معاشیات امرتیہ سین نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں علاقائی پارٹیوں کا کردار اہم ہوگا، بھارت میں بی جے پی یکطرفہ جیت حاصل نہیں کرسکے گی۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس بھارت میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام خطوں میں اسمبلی انتخابات ہوں گے تاہم تمام سیاسی جماعتیں 2024کے لوک سبھا انتخابات پر نظر جما چکی ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں نے تیاری شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں:

برٹش ایئرویز کے یونیفارم میں حجاب بھی شامل

نوبل انعام یافتہ بھارتی ماہرِ معاشیات امرتیہ سین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں علاقائی پارٹیاں کردار نبھائیں گی اور یہ سوچنا ہی غلط ہوگا کہ بی جے پی کو یکطرفہ طور پر کامیابی مل جائے گی۔ کانگریس کی طاقت ملک گیر نظریہ ہے۔

بھارتی ماہرِ معاشیات امرتیہ سین نے کہا کہ کانگریس کمزور ضرور ہوئی لیکن ملک گیر نظریہ کسی کے پاس نہیں۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینر جی وزیر اعظم بننے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہ سوچنا بھی غلط ہوگا کہ کوئی پارٹی بی جے پی کی جگہ نہیں لے سکتی۔

ماہرِ معاشیات امرتیہ سین نے کہا کہ بی جے پی نے خود کو ایسی پارٹی کا روپ دے لیا ہے جس کا جھکاؤ واضح طور پر ہندوتوا کی طرف ہے۔ اس نے بھارت کو تنگ نظر کرتے ہوئے ملک کو صرف ہندو انڈیا اور ہندی بولنے والوں کے طور پر ہی دیکھا۔

امرتیہ سین نے کہا کہ بی جے پی کا متبادل نہ ملنا افسوسناک ہوگا۔ یہ جماعت اگر مضبوط ہے تو اس کی کمزوریاں بھی ہیں۔اپوزیشن کوشش کرے تو بھارتیہ جنتا پارٹی کو ٹکر دے سکتی ہے۔ دیکھنا ہوگا کہ ممتا بینر جی عوام میں بی جے پی کے خلاف نفرت کو یکجا کرسکتی ہیں یا نہیں۔

 

Related Posts