چین کے ہانگژو سفاری پارک میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک بڑا کالا ریچھ اپنے ٹرینر پر حملہ آور ہو گیا۔ ٹرینر کی جیب میں ریچھ کی پسندیدہ غذا (گاجر اور سیب) کی خوشبو نے جانور کو غصے میں پاگل کر دیا جس کے نتیجے میں وہ پیچھے کی طرف دوڑتا ہوا ٹرینر پر کود پڑا۔ یہ واقعہ 6 دسمبر کو ایک پرفارمنس کے اختتام پر پیش آیا جہاں ریچھ پہلے اپنے پچھلے پاؤںوں پر کھڑا ہو کر شو کر رہا تھا۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریچھ ٹرینر کی طرف بھاگتا ہے اسے زمین پر گرا دیتا ہے اور دانت نکال کر اسے کاٹنے کی کوشش کرتا ہے۔ ریچھ ٹرینر کے پیٹ پر چڑھ جاتا ہے اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔ فوری طور پر دیگر عملہ ریچھ کو الگ کرنے کے لیے آگے بڑھتا ہے اور اسے ٹرینر سے دور ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ ایک عملہ کے رکن نے قریب پڑا ایک باسکٹ بال کا حلقہ (ہوپ) پکڑ لیا اور ریچھ کی توجہ اس کی طرف مبذول کر دی جس سے جانور نے دانت حلقے میں گھونپ دیے بجائے ٹرینر کے۔ ریچھ الگ ہونے کے بعد دوبارہ ٹرینر پر حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن عملہ مل کر زبردستی اسے روک لیتا ہے۔ خوش قسمتی سے نہ تو ٹرینر کو کوئی شدید چوٹ آئی اور نہ ہی ریچھ کو، لیکن یہ ایک بال بال بچ جانے والا واقعہ تھا۔
زو انتظامیہ کا ردعمل:
واقعہ کے فوراً بعد ہانگژو سفاری پارک کی انتظامیہ نے کالا ریچھ شو کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ زو مالکان نے کہا کہ وہ ریچھ کی جسمانی اور ذہنی صحت کی نگرانی کریں گے اور ایک مکمل جائزہ لیں گے اور ایمرجنسی رسپانس پلان کو بہتر بنائیں گے۔
ٹرینر کا بیان:
واقعے کا شکار ٹرینر جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا نے ویڈیو میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ اس نے کہاکہ ہیلو سب کو، میں Xiong Er (کالے ریچھ) کا ٹرینر ہوں اور آج کے واقعے متاثرہ شخص ہوں۔ Xiong Er قدرتی طور پر کھانے کا شوقین ہے۔ اس بار بنیادی وجہ یہ تھی کہ میرے پاس اس کی پسندیدہ گاجر اور سیب کا بڑا تھیلا تھا۔
اس نے مزید کہاکہ میں اس کے اثرات کے لیے معذرت خواہ ہوں اور سب کی تشویش کی قدر کرتا ہوں۔ برائے مہربانی یقین رکھیں کہ نہ تو مجھے اور نہ ہی Xiong Er کو کوئی چوٹ آئی۔ یہ تجربہ مجھے مستقبل میں Xiong Er کے ساتھ تعامل میں مزید احتیاط برتنے کی یاد دہانی ہے۔
سماجی ردعمل:
اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے جہاں بہت سے لوگ جانوروں کے پروگرامز پر پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ناظرین نے زو کی انتظامی کمیوں پر تنقید کی ہے خاص طور پر اس بات پر کہ ایسے خطرناک پرفارمنسز کو کیوں اجازت دی جاتی ہے جو نہ صرف ٹرینرز بلکہ جانوروں کی بھی جان خطرے میں ڈالتے ہیں۔ زو نے زائرین کی ناراضگی پر معذرت کی ہے اور وعدہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








