بلیک پینتھر کی اداکارہ لوپیتا نیونگ نے پاکستان دورے کے دوران کراچی کی لوکل بس کی سواری کا لطف اٹھایا، اپنی قمیض شلوار میں تصویریں پوسٹ کیں جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تعریف کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی اداکارہ 25 فروری کو پاکستانی آرٹسٹ میشا جاپانوالا کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے کراچی تشریف لائیں۔ انہوں نے شادی پر گلابی رنگ کا خوبصورت سا لہنگا پہنا۔ ان کی لہنگے میں تصاویر مداحوں کو خوب پسند آئیں۔ حالانکہ وہ لہنگا بھارتی طرز کا بنا ہوا تھا لیکن لوگوں نے اس پہناوے پر خوب تعریف کی۔
واضح رہے کہ لوپیتا چونکہ اپنے پورے گروپ کے ساتھ پاکستان تشریف لائی ہیں، آج کل کراچی میں مختلف جگہوں کا دورہ کررہی ہیں، کبھی ایمپریس مارکیٹ جارہی ہیں تو کبھی چائے کے ڈھابے میں بیٹھ کر چائے تناول فرمارہی ہیں۔
اپنے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ مجھے قمیض شلوار کی یہ زندگی پسند آرہی ہے یعنی ان کو قمیض شلوار پہننا اچھا لگ رہا ہے۔
دوسری جانب ان کے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے پاکستانیوں نے کہا کہ لوپیتا نے شاید پاکستانی خواتین سے زیادہ اچھے سے دوپٹہ پہنا ہے،کم سے کم انہوں نے حجاب کی عزت کی۔
ان کی قمیض شلوار کی یہ خوبصورت تصاویر اب تک انسٹاگرام اور فیس بک پر لاکھوں لوگ شیئر کر چکے ہیں۔ اب تو خواتین یہ بھی ڈھونڈ رہی ہیں کہ لوپیتا نے کس برانڈ کے کپڑے پہنے ہیں تاکہ وہ بھی ان کپڑوں کو خریدیں۔ بس پر چڑھ کر بیٹھنے کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین کہہ رہے ہیں کہ لگتا ہے لوپیتا نے ماہرہ خان کا ڈرامہ ہم کہاں کے سچے تھے کو زیادہ سنجیدگی سے دیکھ لیا اور اب یہ انہی کی طرح بسوں کی چھتوں پر بیٹھ کر شہر کا دورہ کر رہی ہیں