خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد جاں بحق جبکہ 18 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ بازار پھاٹک میں پیش آیا۔ اسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ٹریفک پولیس کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ لکی مروت تحصیل کے مصروف تجارتی علاقے میں ہوا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اب تک 8 افراد کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ شہداء میں دو ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جو دھماکے کے وقت جائے وقوعہ پر موجود تھے جبکہ 18 زخمیوں میں ایک خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے سرائے نورنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ابتدائی پولیس معلومات کے مطابق دھماکہ ممکنہ طور پر ایک موٹر سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد کے باعث ہوا۔
تاہم دھماکے کی نوعیت اور اصل وجہ کا تعین ابھی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، جبکہ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








