وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت اے آئی پر مبنی ایک نیا سینیٹیشن مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروا دیا ہے جس کا مقصد کچرے کے انتظام، شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
یہ جدید نظام حکومت کے فلیگ شپ منصوبے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے جو صوبے بھر میں صفائی کے شعبے کو ڈیجیٹل بنانے کی طرف ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس نئے سسٹم کے ذریعے پنجاب بھر میں صفائی کے عمل کی براہِ راست نگرانی ممکن ہوگی۔ اس میں 40 ہزار سے زائد صفائی کی گاڑیوں کی مانیٹرنگ، 1 لاکھ 76 ہزار سے زیادہ ورکرز کی ٹریکنگ، اور کیمروں سے لیس موٹر سائیکلوں کے ذریعے کچرے کی فوری نشاندہی شامل ہے۔ یہ تمام معلومات ایک مرکزی کنٹرول سسٹم کو لائیو موڈ میں منتقل کی جائیں گی تاکہ کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد صفائی کے نظام میں موجود خامیوں کو ختم کرنا اور شہری و دیہی علاقوں میں یکساں معیار کی سروس فراہم کرنا ہے۔ حکومت کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے نظام زیادہ موثر، تیز اور شفاف ہو جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام انتظامی فیصلے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے اور کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اراکینِ اسمبلی اور وزراء کی جانب سے دباؤ ڈالنے کی کوششوں کو مکمل طور پر مسترد کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے نظام میں کرپشن اور جعلی ملازمین کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام امور کو دستاویزی شکل دینے، شفافیت برقرار رکھنے اور کارکردگی کے معیار (KPIs) پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب پروگرام کو ایک سماجی تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقصد یہ ہے کہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا معیار یکساں ہو۔ انہوں نے جاپان اور سنگاپور جیسے ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہر گاؤں کو بھی بڑے شہروں کے برابر صفائی کا معیار حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے حالیہ احتجاجی واقعات کا بھی ذکر کیا جن میں صفائی ورکرز کی جانب سے تنخواہوں کے مسئلے پر سڑکوں پر کچرا پھینکنے کے واقعات سامنے آئے۔ وزیراعلیٰ نے احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے ایسے طریقوں کو غیر مناسب قرار دیا۔
حکام کے مطابق یہ اے آئی پر مبنی نظام پنجاب کے صفائی کے ڈھانچے کو جدید بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








