اپر کوہستان، داسو جانے والی گاڑی میں دھماکہ، ایف سی کے 2اہلکار، 4غیر ملکی جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

اپر کوہستان، داسو جانے والی گاڑی میں دھماکہ، ایف سی کے 2اہلکار، 4غیر ملکی جاں بحق
اپر کوہستان، داسو جانے والی گاڑی میں دھماکہ، ایف سی کے 2اہلکار، 4غیر ملکی جاں بحق

اپر کوہستان میں داسو جانے والی گاڑی میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 2 اہلکار اور 4 غیر ملکی شہری جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دھماکہ برسین لیبر کیمپ سے داسو جانے والی گاڑی میں ہوا جو وقوعے کے وقت کیمپ کے نزدیک پائی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 6افراد جاں بحق ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر محمد عارف کے بیان کے مطابق جاں بحق افراد میں ایف سی کے اہلکار اور غیر ملکی شہری شامل ہیں جبکہ دھماکے کا شکار گاڑی میں داسو ڈیم پر کام کرنے والے عملے کے افراد موجود تھے۔

دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کو آر ایچ سی داسو منتقل کردیا گیا۔ تاحال دھماکے کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ دہشت گردی کا نتیجہ تھا یا نہیں، فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ 

قبل ازیں مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ لاہور دھماکے میں بھارت ملوث ہے جس کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ دھماکے کے روز ہی ہمارے اداروں پر سائبر حملے بھی کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں 10 روز قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری اور آئی جی پنجاب انعام غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ لاہور دھماکے میں گرفتار ماسٹر مائنڈ کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق را سے ہے، معید یوسف

یاد رہے کہ 24 جون کو لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کے جاں بحق اور 21 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

Related Posts