نفرت میں اندھے بھارتی میڈیا نے ساؤتھ انڈین اداکارہ کو پاک فوج سے جوڑ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

الزامات سے پریشان ایمانوی نے سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کردی، فوٹو نیوز18

نفرت، عناد، جہالت، انتہاپسندی اور بدترین تعصب میں اندھے بھارتی میڈیا نے ساوتھ انڈین اداکارہ کو پاک فوج سے جوڑ کر ان کی زندگی اجیرن کردی۔

فلم ’فوجی‘ میں مشہور اداکار پربھاس کے ساتھ جلوہ گر ہونے والی ایمان اسماعیل عرف ایمانوی نے سوشل میڈیا پر اپنے پس منظر سے متعلق گردش کرنے والے جھوٹے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا اور نفرت انگیز مہم کی سخت مخالفت کی۔

اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ایمانوی نے سب سے پہلے پہلگام حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ انہوں نے لکھا کہ یہ ایک المناک واقعہ ہے، جس نے بے گناہ جانوں کو نگل لیا، اور ایسے سانحات دل کو چیر دینے والے ہوتے ہیں۔

ایمانوی نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں اپنے اور اپنے خاندان پر لگنے والے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بارے میں سوشل میڈیا اور جعلی خبروں کے ذریعے جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، وہ سراسر بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں کا مقصد صرف نفرت کو بڑھاوا دینا اور معاشرے میں تقسیم پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کے خاندان کا کوئی فرد کبھی بھی پاکستانی فوج سے وابستہ نہیں رہا اور یہ سب باتیں سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والے عناصر نے گھڑی ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ کچھ معتبر صحافیوں اور نیوز پلیٹ فارمز نے بھی بغیر تحقیق کے ان خبروں کو آگے بڑھایا۔

اپنے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے ایمانوی نے کہا کہ وہ ایک بھارتی نژاد امریکی ہیں، جو ہندی، تیلگو، گجراتی اور انگریزی زبانوں پر عبور رکھتی ہیں، اور بھارتی فلم انڈسٹری میں محنت اور لگن سے اپنی جگہ بنائی ہے۔

 

 

اگرچہ ایمانوی نے اپنی وضاحت میں تمام نکات کو بخوبی بیان کیا، لیکن ناقدین کی جانب سے الزامات کا سلسلہ برقرار رہا۔

ایک صارف نے لکھا کہ وہ ایمانوی کے بایو میں دونوں ممالک کے پرچم دیکھتے تھے اور ایمانوی خود کو آدھی بھارتی، آدھی پاکستانی قرار دیتی تھیں، لیکن اب ایسا کیا بدل گیا؟

Related Posts