کراچی سمیت پاکستان بھر میں بوہرا برادری عیدالاضحیٰ کا مذہبی تہوار بھرپور جوش و جذبے سے منا رہی ہے، برادری کی نمازِ عید کا مرکزی اجتماع شہرِ قائد کے علاقے صدر میں منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق صدر کی طاہری مسجد میں بوہری برادری نے جوش و خروش کے ساتھ عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی اور بڑی تعداد میں بوہری برادری اس نماز میں شریک ہوئی۔ امام نے ملک کے امن و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
نماز کے موقعے پر بوہری برادری نے قوم کی ترقی و خوشحالی اور معاشی بھلائی کیلئے بھی دعائیں کیں۔ بعد ازاں نمازِ عید کے فوری بعد سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے حلال جانوروں کو قربان کیا گیا جبکہ قربانی کا یہ سلسلہ 3 روز تک جاری رہے گا۔
بوہری برادری کی نمازِ عید کے موقعے پر سکیورٹی کے سخت انتطامات دیکھنے میں آئے۔ مساجد اور عبادت گاہوں کے اطراف میں بھی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری نے بوہری برادری کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔
خیال رہے کہ بوہری برادری ہر سال عید دیگر مسلمانوں کے برخلاف ایک روز قبل مناتی ہے جس کی وجہ بوہری برادری میں چاند دیکھنے کے طریقہ کار اور کیلنڈر کے اصولوں کا فقہی اختلاف ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بوہری برادری میں مہینوں کی تاریخیں اکثر پہلے سے طے شدہ ہوتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








