اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل سخت سیکیورٹی پلان جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد پولیس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی کے لیے جامع اور سخت سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں، موییش منڈیوں اور بازاروں کی حفاظت کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالاضحیٰ کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی اور مکمل جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران عید کے ایام، مویشی منڈیوں اور مختلف بازاروں کی حفاظت سے متعلق واضح اور سخت ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ آئی جی نے تمام زونل افسران کو اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود رہ کر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

منصوبے کے تحت عیدالاضحیٰ کے دوران مجموعی طور پر سات ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 450 سے زیادہ ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ فیصل مسجد سمیت شہر کی تمام مساجد اور عیدگاہوں میں سیکیورٹی کے خصوصی اور مؤثر انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ تفریحی مقامات پر بھی اضافی پولیس دستے تعینات ہوں گے۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق ٹریفک کی روانی کو بلا رکاوٹ رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک یونٹس فعال رہیں گے، اس کے ساتھ ساتھ کیپیٹل پولیس کے اہلکار مختلف علاقوں میں مسلسل گشت بھی کریں گے۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے سی ٹی ڈی کی کوئیک ریسپانس ٹیمیں الرٹ حالت میں رہیں گی، جبکہ شہر کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے جدید نظام کے ذریعے بھی مسلسل جاری رہے گی۔

آئی جی اسلام آباد نے ہدایت دی ہے کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر پولیس خدمت مرکز ایف سکس اور ڈپلومیٹک انکلیو کے مراکز عید کے ایام میں بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

Related Posts