حج کے اہم ترین رکن اعظم وقوفِ عرفہ کی ادائیگی آج ہوگی، جس کیلئے لاکھوں فرزندانِ توحید میدانِ عرفات میں موجود ہیں۔ عازمینِ حج کے قافلے گزشتہ شب روانہ ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی عازمین حج کے پہلے قافلے گزشتہ شب نمازِ عشاء کے بعد وقوفِ عرفات کی ادائیگی کیلئے میدانِ عرفات کی جانب روانہ ہوئے جبکہ رات بھر ناظمینِ حج کی ہدایات کی روشنی میں میدانِ عرفات میں دیگر قافلوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
حکام کا ماننا ہے کہ آج نمازِ ظہر کی ادائیگی سے قبل تمام عازمینِ حج میدانِ عرفات میں پہنچ کر وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کریں گے۔ رواں برس امیر حج کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والے امام الشیخ علی الحذیفی مسجدِ نبوی ﷺ کے بھی امام ہیں۔
میدانِ عرفات میں خطبہ حج ہوگا جسے لاکھوں فرزندانِ توحید میدانِ عرفات میں موجود رہ کر فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران جبکہ کروڑوں مسلمان دنیا بھر میں براہِ راست دیکھیں گے۔ خطبہ حج کے بعد عازمین حج اپنے اپنے خیموں کی جانب روانہ ہوجائیں گے اور ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے۔
غروبِ آفتاب تک وقوفِ عرفات کی ادائیگی جاری رہے گی۔ اس دوران عبادات اور مناجات کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے مدد مانگی جائے گی اور امتِ مسلمہ کی بہتری اور فلاح و بہبود کیلئے دعائیں بھی کی جائیں گی۔ وقوفِ عرفات کے بعد حجاجِ کرام مزدلفہ کی جانب روانہ ہوجائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








