بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جان ابراہم نے ممبئی میں بھارتی حکومت کی جانب سے منعقدہ ایک ’انسدادِ منشیات مہم‘ میں شرکت کی۔
میں نے اپنی زندگی میں کبھی منشیات کا استعمال نہیں کیا،یہ کہنا ہے بالی ووڈ کے فٹنس فریک اداکار جان ابراہم کا۔
تقریب کے دوران طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں نہ کبھی سگریٹ نوشی کی، نہ شراب پی، اور نہ ہی منشیات کا استعمال کیاہے۔
طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے جان نے کہا، ’میں چاہتا ہوں کہ آپ منشیات سے دور رہیں اور اپنے دوستوں، ساتھیوں، اور اردگرد کے لوگوں کے لیے ایک مثالی شخصیت بنیں۔ میں طویل تقریر نہیں کروں گا، لیکن اتنا کہوں گا کہ اپنی زندگی میں نظم و ضبط اپنا ئیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جان ابراہم نے پہلے بھی بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اور اجے دیوگن پر پان مصالحہ کے اشتہار کا حصہ بننے پر تنقید کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگ فٹنس پر بات کرتے ہیں اور پھر وہی لوگ پان مصالحہ کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے دوستوں کی بے عزتی نہیں کر رہے لیکن ان کے لیے اصولوں کا پاس رکھنا ضروری ہے، اور انہیں ’موت‘ فروخت کرنے کا حصہ نہیں بننا چا ہیے ۔
واضح رہے کہ جان ابراہم اپنی فٹنس کی وجہ سے بالی ووڈ میں بےحد مشہور ہیں وہ انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں یہاں تک کہ وہ یہ بھی انکشاف کر چکے ہیں کہ ان کے پاس اسمارٹ فون بھی نہیں ہے اور وہ کوئی اسمارٹ فون نہیں بلکہ پرانے زمانے کا نارمل فون استعمال کرتے ہیں جس میں صرف میسج یا کال کی جاسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








