بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان ایک بار پھر اپنے فیشن اسٹائل کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ 43 سالہ اداکارہ حال ہی میں ایک شاندار فیشن ایونٹ میں شرکت کے دوران اپنے جاذبِ نظر انداز سے سب کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں تاہم ان کا یہ لک سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بھی بن گیا اور انہیں ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
کرینہ کپور فیشن کے معاملے میں ہمیشہ تجربات کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ چاہے تہوار ہوں، پارٹی ہو یا خاندانی تقریب، ان کا انداز اکثر مداحوں کو متاثر کرتا ہے۔ اگرچہ وہ کئی بار اپنے منفرد اسٹائل کی وجہ سے تنقید کی زد میں بھی آتی ہیں مگر وہ اس کے باوجود نئے انداز آزمانے سے گریز نہیں کرتیں۔

حال ہی میں کرینہ کپور نے جے پور میں منعقد ہونے والے امریکی لگژری فیشن برانڈ رافل لارین کے ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے گولڈن رنگ کے اسٹریپ لیس لانگ گاؤن میں جلوے بکھیرے۔ اس دلکش لباس میں ان کا اعتماد اور اسٹائل دیکھنے والوں کو خاصا متاثر کرتا دکھائی دیا۔

اداکارہ نے اپنے اس لک کو بلیک پرس، اسٹیٹمنٹ ایئررنگز، پونی ٹیل ہیئر اسٹائل اور اسموکی آئی میک اپ کے ساتھ مکمل کیا۔ ڈیفائنڈ آئی لائنر نے ان کے انداز کو مزید نمایاں کر دیا جس پر کئی مداحوں نے خوب داد دی۔

کرینہ کپور نے اس ایونٹ کی تصاویر اور ویڈیوز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔ تصاویر میں وہ مختلف پوز میں نظر آ رہی ہیں اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے خوب پذیرائی بھی مل رہی ہے۔

جہاں ایک طرف مداحوں نے ان کے لک کی تعریف کی وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے لباس کے حوالے سے تنقیدی تبصرے بھی کیے۔

ایک صارف نے لکھا کہ اداکارہ شاید لباس پر استری کرنا بھول گئیں جبکہ ایک اور نے مشورہ دیا کہ اگر ڈریس کو بہتر انداز میں پریس کیا جاتا تو لک مزید نکھر سکتا تھا۔
کرینہ کپور کا یہ انداز ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ وہ فیشن کے میدان میں کسی بھی تنقید سے بے پروا ہو کر اپنے انداز میں رہنا پسند کرتی ہیں اور یہی بات انہیں بالی وڈ کی اسٹائل آئیکون بناتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








