برطانیہ نے ڈیجیٹل ویزا کا اعلان کردیا، پاکستانی کون سی نئی سہولیات حاصل کرسکیں گے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

برطانوی ویزا
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: برطانوی ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو اب برطانیہ کیلئے مکمل ڈیجیٹل ویزا سسٹم کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے، جس کے تحت شہریوں کو نئی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر کی ضرورت ختم ہو گئی اور ویزا درخواست کا عمل آسان بنا دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت سیاح، کاروباری افراد اور اہلخانہ سے ملاقات کے لیے آنے والے درخواست گزاروں کو برطانوی ویزے کیلئے آن لائن درخواست دینا ہوگی۔

درخواست گزار بائیومیٹرک معلومات فراہم کرنے کے لیے ویزا اپلیکیشن سینٹر جائیں گے۔ تاہم، کامیاب درخواست گزار اب اپنے پاسپورٹ واپس لینے کے بجائے الیکٹرانک طور پر ای ویزا کے ذریعے امیگریشن اسٹیٹس کی تصدیق حاصل کرسکیں گے۔

حکام کا ماننا ہے کہ ای ویزا ایک محفوظ ڈیجیٹل ریکارڈ فراہم کرتا ہے جو یوکے ویزاز اینڈ امیگریشن اکاؤنٹ کے ذریعے دستیاب ہوگا۔ اس سے درخواست گزار کو پاسپورٹ کی دوسری بار ضرورت نہیں ہوگی اور انتظار کے وقت اور لاجسٹک مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ یہ اقدام پاکستانی شہریوں کے لیے بہت اہم ہے، کیونکہ اب ویزا درخواست کے عمل میں ایک بڑا مرحلہ ختم ہو گیا ہے۔ ای ویزا کے حامل افراد ایک شیئر کوڈ بھی بنا سکیں گے جو برطانوی سرحدوں یا دیگر متعلقہ حکام کے سامنے ویزا اسٹیٹس ثابت کرنے کے لیے استعمال کیاجاسکے گا۔

Related Posts