معروف امریکی گلوکارہ بریٹنی اسپیئرز اپنے سابق شوہر سیم اصغری کے نئے رومانی تعلق پر شدید برہم ہیں جبکہ خود وہ ایک نئے تنازع میں گھِر گئی ہیں جس میں پرواز کے دوران سگریٹ جلانے پر ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔
ریڈار آن لائن کے مطابق 43 سالہ بریٹنی اسپیئرز اس بات پر بہت دل گرفتہ ہیں کہ 31 سالہ سیم اصغری نے محض چند ماہ میں نیا رشتہ قائم کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں کی شادی صرف 14 ماہ جاری رہی اور 2023 میں ان کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔
گزشتہ ہفتے سیم اصغری کو سابق چیئر لیڈر اور موجودہ رئیل اسٹیٹ ایجنٹ بروک اروِن کے ساتھ دیکھا گیا۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بریٹنی تاحال سیم اصغری کے لیے جذبات رکھتی ہیں اور انہیں کسی اور کے ساتھ دیکھنا ان کے لیے تکلیف دہ ہے۔
ذرائع کے مطابق بریٹنی کو بہت صدمہ ہوا کہ سیم نے ان سے پہلے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ اب جبکہ وہ سنجیدہ تعلق میں ہیں تو یہ بات بریٹنی کے لیے مزید تکلیف دہ ہو گئی ہے۔
دوسری طرف جب سیم اصغری نئی زندگی کی شروعات کر رہے تھے، بریٹنی ایک اور تنازع کا مرکز بن گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ لاس کیبوس سے لاس اینجلس جانے والی پرواز کے دوران بریٹنی نے نہ صرف شراب نوشی کی بلکہ دوران پرواز سگریٹ بھی جلا دیا جس پر عملے نے فوری طور پر انہیں سگریٹ بجھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عملے کی بات مان لی تاہم ان کا رویہ مشکل قرار دیا گیا۔
طیارے کے لینڈ ہوتے ہی سیکورٹی حکام نے بریٹنی کو ان کے رویے پر وارننگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ انہوں نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہو۔
اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے بریٹنی اسپیئرز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ جہاز میں کیمرے کی طرف جام اُٹھا کر مذاق کرتی دکھائی دیں۔ انہوں نے اس واقعے کو انتہائی مزاحیہ قرار دیا اور کہا کہ انہیں لگا وہ ایسی پرواز پر ہیں جہاں سگریٹ نوشی کی اجازت ہے۔
بریٹنی نے ایک طویل کیپشن میں لکھا کہ یہ ان کا “پہلا موقع تھا جب انہوں نے ووڈکا پی اور یہ بھی بتایا کہ ان کی دوست نے ان کے لیے سگریٹ جلائی۔ آخر میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا: “کیا میں کوئی مشہور شخصیت ہوں؟”
سیم اصغری نے بریٹنی کے حالیہ رویے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم ان دونوں کی زندگی کے یہ الگ الگ راستے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان کے درمیان علیحدگی کے بعد کتنی بڑی تبدیلی آ چکی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








