لاس اینجلس: ہالی ووڈ کی معروف گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے 13سالہ قانونی جنگ کیلئے وکیل کی خدمات حاصل کر لی ہیں تاکہ بنیادی انسانی حقوق حاصل کیے جاسکیں۔
گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے والد جمی اسپیئرز قبل ازیں بیٹی کے کاروباری امور کنٹرول کررہے تھے۔ 2008ء سے برٹنی اسپیئرز اپنے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں کیونکہ ان کے والد نے ان کی ذہنی حالت مشکوک قرار دے کر ان سے اپنے فیصلے خود کرنے کا حق چھین لیا تھا۔
اس حوالے سے برٹنی اسپیئرز نے لاس اینجلس کے جج کو فون پر بتایا کہ آپ میرے باپ کو میری زندگی برباد کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔ میں اپنے باپ سے نجات حاصل کرکے انہیں اپنے بنیادی حقوق تلف کرنے اور قانون کا غلط فائدہ اٹھانے پر قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہوں۔
بدھ کے روز جج سے تقریباً 10 منٹ تک گفتگو کرتے ہوئے 39 سالہ برٹنی اسپیئرز نے کہا کہ میں ہمیشہ سے اپنے والد سے بہت خوفزدہ رہی ہوں اور گزشتہ 13 سال سے مسلسل نفسیاتی معائنوں اور تشخیص سے اکتا چکی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میرے بنیادی حقوق واپس مل جائیں اور کنزرویٹرشپ کا خاتمہ ہوجائے۔
گفتگو کے دوران برٹنی اسپیئرز نے کہا کہ میں ہر لحاظ سے ایک مکمل انسان نہیں سمجھی جاسکتی لیکن وہ چاہتے ہیں کہ مجھے پاگل ثابت کردیا جائے۔ واضح رہے کہ برٹنی اسپیئرز کے دماغی مسائل کبھی مداحوں کے سامنے نہیں رکھے گئے تاہم گزشتہ ماہ انہوں نے تمام تر قانونی انتظامات کو منفی استعمال پر مبنی اور احمقانہ قرار دیا۔
گزشتہ روز لاس اینجلس کے سپیئرئیر کورٹ جج برینڈا پینی نے استغاثہ کو اجازت دی کہ برٹنی اسپیئرز کے کیس پر کام شروع کریں۔ گزشتہ ہفتے عدالت سے منظور شدہ برٹنی اسپیئرز کے اٹارنی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ برٹنی کے وکیل (استغاثہ) کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد کنزرویٹرشپ کو ختم کرنا ہے۔
کنزرویٹر شپ کے خلاف دلائل دیتے ہوئے برٹنی اسپیئرز کے وکیل نے کہا کہ کیا کوئی گلوکارہ کے والد مسٹر اسپیرز کے بیان پر یقین کرسکتا ہے کہ وہ مسلسل اپنی بیٹی کی ذاتی زندگی میں جو دخل اندازی کر رہے ہیں، وہ برٹنی کے اپنے مفاد میں ہے؟ اگر انہیں واقعی بیٹی سے محبت ہے تو کنزرویٹر شپ چھوڑ دیں اور الگ ہوجائیں۔
وکیل کا حصول معروف گلوکارہ کے کیس میں بڑا اہم موڑ ہے۔ کنزرویٹر شپ کیس کے دوران بدھ کے روز برٹنی اسپیئرز نے اپنی ایک ویڈیو مداحوں سے شیئر کی اور بتایا کہ عدالت میں نئے وکیل کے ذریعے حقیقی نمائندگی کا حق ادا ہوگا اور کنزرویٹرشپ سے جلد نجات ملے گی تاکہ بنیادی انسانی حقوق حاصل کرسکوں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز شادی کے بندھن میں بندھنے کیلئے تیار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








