قومی ادارہ شماریات نے گزشتہ 1 سال میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ردو بدل کے ہوش ربا انکشافات پر مبنی اعدادوشمار جاری کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال میں چینی کی قیمت میں 16.32 فیصد کا اضافہ ہوا، ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 137.33 روپے تھی جو بڑھ کر اس وقت 159.74 روپے فی کلو ہے۔ 2025 میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 229 روپے تک رہی۔
ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں آٹا 22.56 فیصد مہنگا ہوا، ایک سال قبل آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت 1794روپے 93 پیسے تھی، آٹے کے 20 کلو والے تھیلے کی اوسط قیمت اس وقت 2199 روپے 85 پیسے ہے، جس میں مزید اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
شماریاتی رپورٹ کے مطابق ایک سال قبل زندہ برائلر چکن کی فی کلو قیمت 409 روپے 22 پیسے تھی، اس وقت ملک میں چکن کی فی کلو اوسط قیمت 424 روپے 89 پیسے تک جاچکی ہے۔ بیف 13.01 فیصد، گڑ 12.46 فیصد اور کیلے 11.24 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ پسی ہوئی مرچ 10.31اور انڈے 9.71 فیصد مہنگے ہوئے۔
یہی نہیں، بلکہ ایک سال کے دوران دودھ پاوڈر 9.51 فیصد مہنگا ہوا جبکہ گیس چارجز میں 29.85 فیصد اضافہ ہوا، جلانے والی لکڑی کی قیمت ایک سال میں11.02 فیصد بڑھی۔ 2025 میں مٹن، تازہ دودھ، دہی اور گھی بھی مہنگے ہوگئے۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ایک سال میں ٹماٹر 74.92 اور آلو 49.79 فیصد سستے ہوئے، لہسن 38.17 فیصد اور دال چنا 29.66 فیصد سستی ہوئی، پیاز 29.23 اور چائے کی پتی کی قیمت 17.79 فیصد تک کم ہوئی۔ دال ماش 13.14 اور دال مسور 6.62 فیصد سستی ہوئی، ایک سال میں بجلی چارجز بھی 6.87 فیصد تک کم ہوئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








