ترکیہ کے جنوبی صوبے انطالیہ مین مسافر بس سنگین حادثے کا شکار ہو کر کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں کم از کم 9افراد جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار بس تیکر دارن سے انطالیہ کی جانب جارہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی طور پر یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ دھند، بارش اور سڑک پر پھسلن کے باعث ڈرائیور گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا، جو سڑک کے کنارے پر موجود حفاظتی رکاوٹیں عبور کرکے کھائی میں گر گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق سڑک شدید دھند اور بارش کے باعث پھسلن زدہ تھی اور ممکنہ طور پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور ایک موڑ کاٹتے ہوئے بس کو کنٹرول نہ کرسکا، جس کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ جاں بحق افراد میں ڈرائیور بھی شامل ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ورکرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں، فائر بریگیڈ، پولیس اور دیگر ایمرجنسی سروسز نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کی امداد اور لاشوں کو حادثے کا شکار بس سے باہر نکالا۔ حکام نے ایک تکنیکی تفتیش شروع کر رکھی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








