شہرِ قائد میں مسافر بس نے موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے افراد کو کچل دیا ہے، خوفناک حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں پیش آیا جہاں تیز رفتار بس نے بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے افراد کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کا سبب بننے والے غیر ذمہ دار بس ڈرائیور نے جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی ناکام کوشش کی۔ اورنگی ٹاؤن کی جانب بھاگ نکلنے والے ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف قتل بالسبب سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئے روز ہونے والے حادثات میں شہریوں کی بڑی تعداد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہے۔ کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والی بس کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ بس مالک کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے شاہراہِ فیصل میں گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کا ذمہ دار کار سوار شخص جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ اسی طرح قائد آباد مرغی خانہ پل پر بھی واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








