کراچی میں دو مختلف واقعات میں سپر ہائی وے پر بس اور مائی کولاچی روڈ پر جھاڑیوں میں آتشزدگی سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سپر ہائی وے پر پنجاب بس اڈے کے مقام پر بس میں آگ لگ گئی۔ ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ نے متعدد دیگر بسوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کا یہ واقعہ کراچی کی ایم 9 موٹر وے پر پیش آیا۔
پنجاب بس اڈے سے روزانہ کی بنیاد پر ملک کے مختلف شہروں کی لاتعداد بسیں کراچی آمدورفت جاری رکھتی ہیں۔ ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ ایک بس مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آگئی جبکہ دیگر بسیں آگ سے جزوی طور پر متأثر ہوئیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب بس اڈے کے قریب جمع کچرے میں آگ لگی تھی جس نے ایک بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں جنہوں نے آگ بجھانے کیلئے کارروائی شروع کردی جبکہ آتشزدگی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
آگ لگنے کا دوسرا واقعہ کراچی میں مائی کولاچی روڈ کے نزدیک پیش آیا جہاں جھاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ آگ ایک خالی پلاٹ پر لگی ہے جہاں جانی نقصان کا فی الحال خدشہ نہیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث 6 سے 7بار ٹینڈرز آگ بجھانے کیلئے پہنچ گئے۔
فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ آگ کی شدت کے باعث ریسکیو آپریشن کی تکمیل میں وقت لگے گا تاہم آگ لگنے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








