پنجاب کے شہر کبیر والا میں موٹر وے پر بس اور ٹریلر کے مابین تصادم کے نتیجے میں بس ہوسٹس جاں بحق جبکہ 6مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثہ تیزرفتاری اور دھند کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ کبیر والا کے علاقے مخدوم پور انٹرچینج کے قریب ایم 4موٹر وے پر پیش آیا۔ بس اور ٹریلر کے مابین دھند کے باعث کم حدِ نگاہ اور ڈرائیور کی غفلت نے ائیر ہوستس کی جان لے لی۔ ائیر ہوسٹس کی لاش اور زخمی افراد کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، بس لاہور سے ملتان کی جانب جارہی تھی جبکہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی مسافروں کو ریسکیو کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی عملے کو بس کاٹ کر اندر پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالنا پڑا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور نیند تھی، تاہم ڈرائیور کے متعلق مزید حقائق سامنے نہیں آسکے۔
گزشتہ برس بھی حیدر آباد جامشورو موٹر وے ایم 9 پر بس اور ٹریلر کے مابین خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔ ریسکیو حکام نے میڈیا کو بتایا کہ بس پنجاب سے کراچی جارہی تھی اور حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








