راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کی حدود میں بس ہوسٹس سے زیادتی کے ہولناک واقعے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا، پولیس نے ریپ کیس میں مرکزی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن میں ہوٹل منیجر اور ایک بس کنڈکٹر شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیر ودھائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون سے زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت اشرف بتائی جاتی ہے جو بھکر کا رہائشی تھا اور اب ترنول میں رہائش پذیر ہے۔ پولیس نے ہوٹل منیجر کو زیادتی کے کیس میں ملزم کا ساتھ دینے پر گرفتار کیا۔
خیال رہے کہ زیادتی کا یہ واقعہ 20 اپریل کی صبح 9 بجے پیش آیا تھا، جس کی مدعیہ بس ہوسٹس کی شناخت رضیہ سلطانہ بتائی گئی ہے۔ متاثرہ خاتون طویل عرصے سے مختلف کمپنیوں کی بسوں پر بطور ہوسٹس کام کرتی تھی۔ ملزم نے اسے پھانسنے کیلئے بہت بار کوشش کی، تاہم ناکام رہا۔
مدعیہ مقدمہ رضیہ سلطانہ کا کہنا ہے کہ اشرف مختلف گاڑیوں پر کنڈکٹر کے طور پر کام کرتا تھا، جس سے ایک گاڑی میں ملاقات ہوئی۔ ملزم خاتون ہوسٹس کے پیچھے پڑ گیا، تاہم خاتون نے شادی شدہ ہونے کے باعث اسے منت سماجت کرکے منع کردیا، اور ملزم بھی بات ختم کرکے چلا گیا۔
تاہم 20اپریل کی صبح لیہ سے راولپنڈی آنے پر ملزم نے خاتون ہوسٹس کو نجی ہوٹل میں چھوڑا اور چلا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملزم تھوڑی ہی دیر کے بعد واپس آیا اور بس ہوسٹس کو نشہ آور چیز سونگھنے پر مجبور کرکے بے ہوش کردیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
مقدمے کے متن کے مطابق جب خاتون ہوسٹس کو ہوش آیا تو اس نے زیادتی کے نشانات پانے کے بعد پولیس سے رابطہ کیا اور واقعے کی ایف آئی آر درج کروائی۔ مقدمے میں بطور ملزم صرف اشرف کنڈکٹر کو نامزد کیا گیا تھا، تاہم آج سامنے آنے والی پشرفت کے مطابق ہوٹل منیجر کو بھی اس جرم میں شریک ملزم قرار دیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








