کراچی میں سرکاری بس سروسز تین روز تک جزوی طور پر بند رہیں گی جس کا اطلاق آج سے ہو رہا ہے۔
بی آر ٹی گرین لائن سروس جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز مکمل طور پر معطل رہے گی جبکہ پیپلز بس سروس کی دس میں سے سات روٹس 9 اور 10 محرم کو بند رہیں گی اور آٹھ محرم کو پانچ روٹس جزوی متاثر ہوں گی۔
دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس نے ان تین دنوں کے لیے تفصیلی ٹریفک ڈائیورژن پلان بھی جاری کر دیا ہے ۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ایم اے جناح روڈ کو گرو مندر سے ٹاور تک مکمل بند کر دیا جائے گا۔
شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ناظم آباد سے آنے والوں کو گارڈن ایریا کے ذریعے لسبیلہ چوک سے ہوتے ہوئے نشتر پارک جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
لیاقت آباد سے آنے والوں کو تین ہٹی سے دائیں جانب مڑ کر مارٹن روڈ کے ذریعے سفر کی ہدایت دی گئی ہے۔
حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی آنے والے شہری کشمیر روڈ کو جیل فلائی اوور کے نیچے استعمال کر کے سوسائٹی لائٹ سگنل (شاہراہ قائدین) پہنچ سکتے ہیں یا پھر جیل فلائی اوور سے تین ہٹی اور لسبیلہ چوک کے ذریعے نشتر روڈ کی راہ اختیار کریں۔
محرم الحرام کی 8، 9 اور 10 تاریخ کو مرکزی جلوسوں کے پیش نظر شہر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور جلوس کے مرکزی راستے پر کئی اہم مقامات کو بیریئرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ اور پریڈی اسٹریٹ سمیت مرکزی جلوس کے راستے پر واقع دکانوں اور تجارتی مراکز کو راتوں رات احتیاطی طور پر جزوی طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے صدر کے داخلی راستوں پر شپنگ کنٹینر لگا کر رسائی محدود کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے اقدامات بھی کر لیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








