کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے ہونے والی بارش کے باعث کراچی میں فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف جاری مہم اچانک روک دی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے، تکلیف دینا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران فینسی نمبر پلیٹس مخالف مہم روک دی گئی۔ کراچی میں ٹریفک پولیس کی تمام نفری کو سڑکوں پر آنے کا حکم دیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ موسم کی خراب صورتحال کے باعث فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف جاری مہم کو روکا گیا۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات پر کیا گیا۔ ہمارا مقصد لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے، تکلیف دینا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام 90 ٹریفک سیکشنز کے افسران اور اہلکار کراچی کی سڑکوں پر موجود ہیں۔ جب تک موسم ایسے رہے گا، فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف مہم مؤخر رہے گی۔ خیال رہے کہ شہر بھر میں جاری بارشوں کے باعث شہر بھر کی سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








