کینیڈا نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ امریکی کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیلس میں ہونے والے گروپ اے کے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد کینیڈا کی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹس کے نقصان پر 194رنز بنالیے۔
کینیڈین بیٹر نوونیت دھالیوال نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ نکولس کرٹن نے 51، ارون جانسن نے 23، دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جبکہ شریاس مووا 32 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔امریکی بولرز میں شامل علی خان، ہرمیت سنگھ اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک کینیڈین کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا۔
قبل ازیں ٹاس جیتنے کے موقعے پر مونانک پٹیل نے کہا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا ہے، ہدف حاصل کریں گے، پہلی اننگ میں وکٹ بولرز کو مدد فراہم کرے گی۔ دوسری جانب کینیڈین کپتان سعد ظفر نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے، پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔
کپتان سعد ظفر نے کہا کہ یہ ٹی 20 کرکٹ کا ورلڈ کپ ہے، دو طرفہ سیریز نہیں، اس لیے دباؤ ہوگا، لیکن ہمیں یقین ہے کہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ آج کینیڈا کیلئے تاریخی دن ہے، ہم پہلی بار ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں، امید ہے کہ جیتیں گے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مختصر افتتاحی تقریب بھی ہوئی جس میں گراؤنڈ میں کینیڈا اور امریکا کے قومی ترانے بجائے گئے اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں 20ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، پاکستان کا مقابلہ 6جون کو میزبان امریکا سے ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








