انشاء اللہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے: صدرمملکت

تازہ ترین

تازہ ترین

انشاء اللہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے: صدرمملکت
انشاء اللہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے: صدرمملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا، ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہر محاز پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایوان کے دوسرے پارلیمانی سال پر تمام اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ آج مجھے تیسری مرتبہ یہاں خطاب کرنے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔

پارلیمان میں صدر مملکت کا خطاب شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے شور شرابہ اور احتجاج شروع کر دیا، خواجہ آصف سمیت دیگر اپوزیشن اراکین اپنی نششتوں پر کھڑے ہو گئے۔ جمعیت علمائے اسلام، پی کے میپ، پیپلز پارٹی اور ن لیگی ارکان واک آؤٹ کرکے ایوان سے چلے گئے۔

اس پر صدر مملکت نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں سمجھتا تھا کہ اس مرتبہ خاموشی سے تقریر سنیں گے۔ تنقید کے بجائے نوجوان قوم کی ہمت بندھانی چاہیے۔ حکومت نے کورونا وائرس کا بڑے اچھے انداز میں مقابلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے کورونا کے خلاف ہمارے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت میں بدھ کو 70 ہزار جبکہ پاکستان میں صرف 600 کیسز تھے۔ حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کرکے اچھا کام کیا، لوگوں نے بہت ڈرایا کہ ہسپتالوں میں جگہ نہیں رہے گی، سخت لاک ڈاؤن کا بڑا پریشر تھا لیکن حکومت نے یہ ویژن اختیار کیا کہ غریب کو بھوکا نہیں مرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 57 ممالک میں نماز تراویح بند جبکہ پاکستان میں جاری رہی، غریب آدمیوں کا خیال رکھا گیا، اس لئے اللہ نے بھی مدد کی۔کورونا کے دوران حکومت تعریف کی مستحق ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جاپان اور فلپائن نے کہا کہ کورونا پالیسی پاکستان سے سیکھی جا سکتی ہے، ہمیں یہ سن کر فخر ہوا۔ اس کے علاوہ علمائے کرام، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل بھی تعریف کے مستحق ہیں۔ این سی او سی کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے بہت پریشر برداشت کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایم ایل ون بہت بڑا گیم چینجر ہوگا اور دیامربھاشا ڈیم بننے سے ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ اس کے علاوہ تعمیراتی پیکج بھی بہت اہم ہے۔ تجارتی خسارہ کم ہونا بہت بڑی بات ہے۔

زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے بارہ ارب ڈالر ہیں۔ محصولات ساڑھے تین فیصد بڑھیں۔ موڈیز اور فیچ نے بھی پاکستان کے معاشی حالات کو بہتر قرار دیا۔ یہ اعشاریے بہتری کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ کشمیر پالیسی پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جنرل اسمبلی میں تقریر اور اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آنا جیت ہے۔

بھارت نے ہر جنیوا کنونشن، شملہ معاہدے اور اقوام متحدہ قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہو رہا۔ بھارت میں تناؤ ہمارے لیے بھی اچھا نہیں ہوگا۔ انشاء اللہ جلد کشمیر آزاد ہوگا، ہندوتوا فاشسٹ حکومت چل نہیں سکتی۔

Related Posts