وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی صدارت میں نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت آج کریں گے جو صبح 11 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے جس کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس، بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ نہ ہو سکا
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال سمیت اہم امور زیرِ غور آئیں گے جبکہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ اراکین کو ملک بھر میں جاری معاشی و سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ معاشی امور کے متعلق وفاقی کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اگست کے دوران ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ نہ ہو سکا۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) اور پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (DISCOs) کے ملازمین کو مفت بجلی دینے کا فیصلہ نہ ہو سکا۔
کابینہ نے توانائی ڈویژن کو ہدایت کی کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف کا طریقہ کار وضع کیا جائے۔ کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کرنے کا معاملہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








