اسلام آباد: چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی عامر علی احمد نے پبلک پارکوں کی خستہ حالی پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے 3 ماہ کے اندر تمام پبلک پارکوں کواپ گریڈ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
اس ضمن میں متعلقہ شعبہ کو مطلوبہ فنڈز ،افرادی قوت اور مشنری بھی فراہم کردئے گئے ہیں۔دریں اثناء سیکٹر ای سیون میں سائیکلنگ ٹریک بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں ۔
چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے شہر بھرمیں موجودپبلک پارکوں کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر ممبران، ڈائریکٹر انوائرمنٹ،ڈائریکٹر سینی ٹیشن ،ڈائریکٹر سٹی سیوریج،ڈائریکٹر اسٹریٹ لائٹس سمیت دیگر افسران و عملہ بھی ہمراہ موجود تھے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا ہے کہ عوام کوسہولیات فراہم کرنے کیلئے ادارہ متحرک ہوچکا ہے،جلد شہری اسلام آباد کو دوبارہ دنیا کے خوبصورت دارالخلافہ کے طور پر دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارکوں کو نہ صرف ازسرنو بحال کیاجائے گا بلکہ ان کو آباد بھی کیا جائے گا،تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنے اہل خانہ اور خصوصا اپنے بچوں کے ساتھ ان پارکوں میں خوبصورت وقت گزار سکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا ہے کہ پارکوں کی تزئین و آرائش، ازسرنوبحالی اور مرمت کے کام کا آغاز کردیا گیاہے،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 235 پارکوں کو 3 ماہ میں دوبارہ بحال کردیا جائے گا۔
اس ضمن میں شعبہ انوائرمنٹ کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کردی گئی ہیں،ہم چھوٹے بڑے پارکوں کا نظریہ تبدیل کرچکے ہیں تمام پارکوں میں یکساں بنیادوں پر تعمیری ترقیاتی کام کئے جارہے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے شعبہ انوائرمنٹ کو فوری طور پر پارکوں میں موجودجھولوں کی مرمت،نئے جھولوں کی تنصیب ،جنگلی گھاس، پودوں اور جھاڑیوں کی کٹائی،نئے پھول وپھل دار پودے لگانے، رنگ و روغن اور ڈینگی سمیت کلورین اسپرے کی ہدایات جاری کیں ۔