چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے مذاکرات کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کیلئے دعا گو ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں آج اختتام پذیر ہونے والے بین الاقوامی مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر ہونے والی سفارتی کوششیں مشرق وسطیٰ کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
امریکا ایران مذاکرات میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے دو طرفہ مذاکرات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورکہا کہ عالمی امن کی کوششوں میں پاکستان کا کلیدی کردار ادا کرنا ہم سب کیلئے خوشی کا باعث ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے امن کے اس عمل میں شامل تمام متعلقہ فریقین کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مذاکرات مشرقِ وسطیٰ میں مستقل امن کی بنیاد فراہم کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوسکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








