سائیں سرکار کی پولیس سوتی رہ گئی! شاہ فیصل پل پر مسلح ڈاکوؤں کی یلغار؛ ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر سنگین ہوتی دکھائی دے رہی ہے جہاں کورنگی شاہ فیصل برج پر رات گئے مسلح گروہ کی بے خوف ڈکیتی نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔

کورنگی شاہ فیصل برج پر اتوار کی رات انتہائی تشویشناک واقعہ پیش آیا جب تقریباً 15 مسلح افراد نے ناکہ لگا کر سرعام لوگوں کو لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں کے پاس کلاشنکوف سمیت جدید ہتھیار تھے اور انہوں نے منظم انداز میں لوٹ مار کی۔

عینی شاہدین کے مطابق مسلح گینگ نے پل پر آنے والے شہریوں کو روک کر ان کے پاس سے موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لیں۔ یہ اجتماعی کا واقعہ دیکھ کر شہری خوفزدہ ہو گئے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ 15 لوگ ایک ساتھ ہتھیاروں سے لیس ہو کر لوٹ رہے تھے۔ ایک دو ڈاکو تو عام بات ہے لیکن 15 افراد کا گروپ دن دیہاڑے یہ سب کچھ کر جائے یہ بہت سنگین معاملہ ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کورنگی شاہ فیصل برج پر ایسے لوٹ مار کے واقعات مہینے میں 2 سے 3 بار پیش آتے رہتے ہیں مگر اب تک انتظامیہ کی جانب سے کوئی موثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ ہر بار ڈاکو باآسانی فرار ہو جاتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس اہم پل پر سیکیورٹی کے مناسب انتظامات نہ کیے گئے تو شہر کے اس حصے میں لوگوں کی نقل و حرکت خطرناک ہو جائے گی۔

شہریوں نے سندھ حکومت، کراچی پولیس چیف اور متعلقہ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ پل کے دونوں سروں پر کم از کم دو پولیس موبائلز مستقل تعینات کیے جائیں۔ پل کے درمیان حصے میں باقاعدہ پولیس پیٹرولنگ یقینی بنائی جائے جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں اور ان کی بروقت مانیٹرنگ کی جائے

شہریوں کا واضح پیغام ہے کہ اب صرف یقین دہانیوں سے کام نہیں چلے گا۔ عملی اقدامات فوری طور پر درکار ہیں ورنہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہوتی جائے گی۔

Related Posts