چینی آٹو موبائل کمپنی چیری ماسٹر پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوری 2026 سے پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کی مقامی تیاری کا آغاز کرے گی۔
کمپنی کی جدید ترین اسمبلی فیکٹری کراچی کے پورٹ قاسم میں واقع نیشنل انڈسٹریل پارک میں قائم کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے پر کل 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ فیکٹری 60 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہوگی۔
افتتاحی تقریب کے دوران کمپنی کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ جدید پیداواری مرکز پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
چیری نہ صرف مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری کرے گی بلکہ ملک بھر میں اپنی ڈیلرشپ نیٹ ورک کو بھی وسعت دے رہی ہے۔
اگلے سال سات بڑے شہروں میں دس ڈیلرشپ مراکز کھولنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو فروخت اور سروس کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
چیری، جو اس وقت چین کی سب سے بڑی کار برآمد کنندہ کمپنی ہے، دنیا کے 120 سے زائد ممالک میں اپنی موجودگی رکھتی ہے، جن میں یورپ، جنوبی امریکہ، مشرقِ وسطیٰ، افریقہ، ایشیا، روس اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
پاکستان میں کمپنی ابتدائی طور پر اپنی مشہور ٹیگو سیریز کی چار ماڈلز ٹیگو کراس، ٹیگو 7، ٹیگو 8 اور ٹیگو 9 کو مقامی طور پر تیار کرے گی۔
ان تمام گاڑیوں میں جدید پلاگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو ایندھن کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
ماسٹر آٹو انجینئرنگ کے سی ای او سمیر ملک نے کہا کہ چیری آٹوموبائل لمیٹڈ کے ساتھ اشتراک پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک نئے دور کی شروعات ہے۔
ان کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف جدید ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو ملک میں متعارف کرائے گا بلکہ دو ہزار سے زائد مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
مزید برآں یہ منصوبہ نئے توانائی ذرائع کی تیاری میں پاکستانی ماہرین کو تربیت اور تکنیکی تجربہ فراہم کرے گا جس سے مقامی انڈسٹری کو طویل المدتی فائدہ حاصل ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








