کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر میں پیڈیاٹرک کارڈیک یونٹ کے قیام کے لیے 520 ملین روپے کے اضافی فنڈ کی منظوری دیدی ہے۔
وزیراعلیٰ نے یہ منظوری این آئی سی وی ڈی کے 82ویں گورننگ باڈی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا جس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، اراکین اسمبلی سعدیہ جاوید، رخسانہ پروین، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی ڈاکٹر عبدالرشید اور دیگر نے شرکت کی۔
گورننگ باڈی نے نوعمر مریضوں کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ نئی عمارت کی دو منزلیں بچوں کے دل کے علاج کے لیے فعال کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے دونوں منزلوں کو فعال بنانے کے لیے 520 ملین روپے کی اضافی منظوری دی۔
گورننگ باڈی کو یہ بھی بتایا گیا کہ اسٹروک انٹروینشن پروگرام کی سہولت کے لیے رواں مالی سال 2023-2024 کے دوران 628.3 ملین روپے میں ایم آر آئی مشینوں کی خریداری کی منظوری دی گئی۔
این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیر اعلیٰ کو تجویز پیش کی کہ سال 2024-2025 کے لیے گرانٹ ان ایڈ/بجٹ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ نے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی کو ہدایت کی کہ وہ NICVD کی ضرورت کا جائزہ لیں اور اس کی منظوری کے لیے اپنی سفارشات انہیں بھیجیں۔
بورڈ نے ڈاکٹر طاہر صغیر کی این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر تقرری کی بھی منظوری دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








