کراچی کے علاقے گلشن معمار موڑ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک کمسن بچہ جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا، پولیس نے مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی نہیں بلکہ کار میں سوار شہری کی جانب سے غلطی سے چلنے والی گولی کا نتیجہ تھا۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت یاسین شاہ کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر تقریباً چار برس بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شہری کی شناخت عارف شاہ کے نام سے ہوئی ہے جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا جو ڈکیتی کی واردات کی نشاندہی کرے جبکہ شہری کے ابتدائی بیانات میں تضاد پایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں عارف شاہ کا ایک ساتھی بھی موجود تھا اور واقعہ گاڑی کے اندر پیش آیا۔ مزید یہ کہ گاڑی سے کسی بڑی رقم یا قیمتی سامان کی برآمدگی بھی نہیں ہوئی۔
قلات میں قبائلی افراد اور مسلح گروہ میں جھڑپ، فائرنگ، 5 افراد ہلاک
ابتدائی طور پر یہ کہا گیا تھا کہ شہری پر مشتبہ افراد نے حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر اس نے فائرنگ کی لیکن پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق گولیاں گاڑی کے اندر سے چلائی گئیں جس کے نتیجے میں شہری کا اپنا بچہ اور ایک راہگیر بچہ گولیوں کی زد میں آیا۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والے راہگیر بچے کی موت اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے واقع ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم عارف شاہ نے واقعے کی تفصیلات چھپانے کی کوشش کی اور ابتدائی طور پر جھوٹا بیان دیا۔
تکنیکی شواہد، عینی گواہوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی روشنی میں واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ شواہد اکٹھے کر کے اصل حقائق جلد منظرعام پر لائے جائیں گے تاکہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








