پی کے یو شینژن (PKU Shenzhen) نے بین الاقوامی طلبہ کے لیے MTCSOL 2026 کے داخلوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت چینی زبان کی تدریس پر مبنی فل ٹائم ماسٹرز ڈگری پیش کی جا رہی ہے۔
پیکنگ یونیورسٹی شینژن گریجویٹ اسکول میں Master of Teaching Chinese to Speakers of Other Languages (MTCSOL) کے لیے 2026 کے سیشن کی درخواستیں کھول دی گئی ہیں۔ یہ پروگرام خصوصی طور پر ان بین الاقوامی طلبہ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جو چینی زبان کی تعلیم اور بین الثقافتی ابلاغ کے میدان میں پیشہ ورانہ کیریئر بنانا چاہتے ہیں۔
MTCSOL ایک دو سالہ فل ٹائم ماسٹرز پروگرام ہے جس کی تدریس مکمل طور پر چینی زبان میں کی جاتی ہے۔ یہ پروگرام پیکنگ یونیورسٹی کے مربوط تربیتی ماڈل پر مبنی ہے، جس میں نظریاتی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تدریسی مہارتوں کو بھی مرکزی حیثیت حاصل ہے، تاکہ طلبہ تدریس کے عملی میدان میں مؤثر انداز میں کام کر سکیں۔
یہ پروگرام اسکول آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے تحت پیش کیا جا رہا ہے، جو پیکنگ یونیورسٹی شینژن گریجویٹ اسکول کے جدید کیمپس میں قائم ہے۔ شینژن کو چین کا جدت پسند اور ٹیکنالوجی کا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں طلبہ کو ایک متحرک تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی ماحول میسر آتا ہے۔
اپلائی کا طریق کار
درخواستیں جمع کرانے کا عمل 26 دسمبر 2025 سے شروع ہو چکا ہے اور 31 مارچ 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ کلاسز کا آغاز اگست 2026 میں متوقع ہے۔ ہر پروگرام کے لیے درخواست فیس 800 چینی یوان مقرر کی گئی ہے۔
داخلے کے لیے امیدواروں کو HSK لیول 6 میں کم از کم 210 نمبر حاصل کرنا لازمی ہیں، جبکہ تحریری حصے میں کم از کم 65 نمبر درکار ہوں گے۔ چونکہ پروگرام کی تدریس چینی زبان میں ہوگی، اس لیے زبان پر مضبوط گرفت کو بنیادی شرط قرار دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی طلبہ کے لیے متعدد اسکالرشپ مواقع بھی دستیاب ہیں، جن میں انٹرنیشنل چائنیز ٹیچر اسکالرشپ، گوانگ ڈونگ صوبائی حکومت کی اسکالرشپ برائے بین الاقوامی طلبہ اور پیکنگ یونیورسٹی شینژن گریجویٹ اسکول کی خصوصی اسکالرشپ شامل ہیں۔
مجموعی طور پر یہ پروگرام بین الاقوامی طلبہ کے لیے ایک مضبوط اور معیاری تعلیمی راستہ فراہم کرتا ہے۔ شینژن جیسے عالمی شہر میں تعلیم حاصل کرنا طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں مواقع دیتا ہے، جبکہ دستیاب اسکالرشپس اس اعلیٰ تعلیمی موقع کو مزید قابلِ رسائی بنا دیتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








