پاکستان میں بینکنگ صارفین کو ایک نئے آن لائن فراڈ کا سامنا ہے جس میں فیس بک پر جعلی اشتہارات کے ذریعے حبیب بینک لمیٹڈ (HBL) کی جعلی موبائل ایپ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ یہ جعلی ایپ HBL کی 2025 کی تازہ ترین ورژن کے طور پر پیش کی جا رہی ہے حالانکہ حقیقت میں HBL نے ایسا کوئی ورژن جاری نہیں کیا۔
فراڈ کیسے کام کرتا ہے؟
فیس بک پر چلائے گئے اشتہار کے ذریعے صارفین کو ایک ایسے لنک پر لے جایا جاتا ہے جو HBL کی اصل ویب سائٹ (https://www.hbl.com/) سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ جعلی ویب سائٹ پر ایچ بی ایل کے اصل لوگو، رنگ اور بینک کارڈز کی تصاویر استعمال کی گئی ہیں تاکہ یہ سچ معلوم ہو۔
اس جعلی سائٹ پر جا کر صارف سے درج ذیل معلومات مانگی جاتی ہیں۔
بینک کارڈ نمبر
سی وی وی کوڈ (CVV)
کارڈ کی معیاد ختم ہونے کی تاریخ
کارڈ ہولڈر کا نام
موبائل نمبر
ان تفصیلات کے اندراج کے بعد صارف کو بتایا جاتا ہے کہ بینک ایک سے دو گھنٹے میں آپ سے OTP کے لیے رابطہ کرے گا۔ یہ پیغام صرف دھوکہ دہی کا ایک طریقہ ہے تاکہ صارف کو اعتماد میں لیا جا سکے۔
اصل خطرہ کہاں ہے؟
اگرچہ فیس بک سے یہ اشتہار ہٹا دیا گیا ہے لیکن اس کا جعلی سائن اپ لنک ابھی بھی فعال ہے جس کا مطلب ہے کہ صارفین اب بھی فراڈ کا شکار ہو سکتے ہیں۔
محفوظ رہنے کے لیے کیا کریں؟
کبھی بھی سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ ویب سائٹس سے کوئی ایپ نہ ڈاؤن لوڈ کریں۔
ہمیشہ HBL کی آفیشل ویب سائٹ (https://www.hbl.com/) اور گوگل پلے اسٹور پر موجود HBL Mobile App سے ہی ایپ انسٹال کریں۔
اگر کوئی مشتبہ اشتہار یا ویب سائٹ نظر آئے تو اسے HBL یا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو رپورٹ کریں اور کبھی بھی اپنی کارڈ کی تفصیلات کسی غیر معروف یا مشکوک ویب سائٹ پر نہ دیں۔
اہم وضاحت
حبیب بینک لمیٹڈ (HBL) کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ 2025 کے نام سے کوئی نیا ایپ ورژن جاری نہیں کیا گیا۔ تمام صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جعلی ایپس اور ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں اور صرف مصدقہ ذرائع سے رابطہ رکھیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








