یاماہا موٹر پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ نے ملک میں موٹر سائیکلوں کی مقامی پیداوار بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پالیسی میں تبدیلی کے باعث کیا گیا ہے۔ کمپنی نے اپنے صارفین کا برسوں کی حمایت اور اعتماد پر شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
یاماہا کے اعلامیے کے مطابق مقامی پیداوار تو بند کر دی جائے گی تاہم صارفین کو بعد از فروخت سروسز فراہم کرنے کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کے مجاز ڈیلرز کے پاس پرزہ جات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے جو آئندہ بھی صارفین کی ضروریات کو پورا کرے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ وارنٹی سروس اور دیگر معاونت بھی موجودہ پروگرام کے تحت مہیا کی جاتی رہے گی۔
کمپنی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم آپ کے موٹر سائیکل کے استعمال کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے اور آخر تک نیک نیتی سے اپنی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یاماہا کے اس فیصلے سے پاکستانی مارکیٹ میں نہ صرف صارفین کو مشکلات کا سامنا ہوگا بلکہ موٹر سائیکل انڈسٹری پر بھی اس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








