امپیریل کالج کیمپس سے متعلق وضاحت! ابہام دور مگر غلطی کا ذمہ کون؟ پنجاب حکومت یا میڈیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CBD Punjab) نے لاہور کے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بننے والی نئی ہیلتھ کیئر یونیورسٹی اور اس سے منسلک میڈیکل کالج سے متعلق اہم وضاحت جاری کردی ہے ۔

سی بی ڈی پنجاب کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ نوواکیر (NovaCare) اور برطانیہ کے معروف ادارے امپیریل کالج ہیلتھ کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ کے درمیان شراکت داری کا نتیجہ ہے جو کہ ایک آزاد ادارہ ہے اور امپیریل کالج لندن سے الگ حیثیت رکھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور اس کا مقصد لاہور میں ایک عالمی معیار کی طبی تعلیم، تحقیق اور جدید سہولیات پر مبنی مرکز قائم کرنا ہے۔ یہ تمام عمل امپیریل کالج ہیلتھ کیئر ٹرسٹ کی براہ راست نگرانی میں مکمل کیا جا رہا ہے۔

سی بی ڈی پنجاب نے اس موقع پر زور دیا کہ مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی وہ خبریں جن میں امپیریل کالج لندن کے کیمپس کے قیام کا تاثر دیا گیا درست نہیں ہیں۔

اتھارٹی نے تمام ذرائع ابلاغ سے گزارش کی ہے کہ وہ حقائق کو درست طور پر عوام کے سامنے پیش کریں۔ یہ وضاحت سی بی ڈی پنجاب کے تعلقات عامہ کے شعبے کی جانب سے جاری کی گئی جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی آر عمر محمود کے دستخط موجود ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امپیریل کالج لندن لاہور میں اپنا کیمپس کھول رہا ہے جس پر امپیریل کالج لندن کی جانب سے تردید سامنے آ چکی ہے تاہم سی بی ڈی پنجاب نے اب وضاحت کی ہے کہ منصوبہ امپیریل کالج ہیلتھ کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ کے اشتراک سے ہے اس کا امپیریل کالج لندن سے تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر واضح طور پر لکھا گیا تھا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ایمپریل کالج لندن کا کیمپس قائم کیا جائے گا۔

سی بی ڈی پنجاب نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ میڈیا پلیٹ فارمز پر امپیریل کالج لندن کے کیمپس کے قیام کا تاثر دیا گیا جوکہ کسی بھی صورت درست قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔

Related Posts