پنجاب کے شہر فیصل آباد میں دکانداروں اور وکلا کے درمیان جھگڑے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند افراد سڑک پر وکیلوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ مومن آباد جراب مارکیٹ میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر چند وکلا کا دکانداروں کے ساتھ تنازع ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے مارپیٹ میں بدل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق چند وکلا ایک دکاندار سے بدتمیزی کرنے آئے تھے تاہم موقع پر موجود دیگر دکانداروں نے مداخلت کی جس کے نتیجے میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔
فیصل آباد مومن آباد جراب مارکیٹ
وکیل دکاندار سے بدمعاشی کرنے آئےاگلے دکانداروں نے انکی ساری بدمعاشی نکال دی pic.twitter.com/iGFMolhHuc— صحرانورد (@Aadiiroy2) November 6, 2025
بعد ازاں سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دکاندار وکلا کو سڑک پر گرا کر تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
واقعے کی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے درمیان شدید بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے دکانداروں کی کارروائی کو عوامی ردِ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، اگر وکلا قانون کی خلاف ورزی کریں تو انہیں بھی جواب دہ ہونا چاہیے۔
دوسری جانب کئی صارفین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔ ان کے مطابق اگر وکلا نے زیادتی کی بھی، تب بھی قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے متعلقہ اداروں کو کارروائی کرنی چاہیے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور دونوں فریقین کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








