کراچی میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب موسمِ سرما کی پہلی بارش ہوئی جس کے باعث شہر میں ٹھنڈک بڑھ گئی اور طویل خشک موسم کا خاتمہ ہو گیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نظام اس وقت مغربی بلوچستان کو متاثر کر رہا ہے جو بتدریج ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ اسی سسٹم کے زیرِ اثر کراچی میں اگلے ایک سے دو روز کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بعض علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کے امکانات ہیں۔
منگل کی شب شہر قائد کے مختلف علاقوں جن میں بلوچ کالونی، محمود آباد، طارق روڈ، بہادر آباد، لائنز ایریا، ناظم آباد، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، شارع فیصل، شاہ کالونی، سائٹ ایریا، بفر زون، شادمان ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، برنس روڈ، کالا پل، ملیر اور گولیمار شامل ہیں، موسمِ سرما کی پہلی بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی جبکہ بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ شہر میں مزید نمایاں بارش کا امکان نہیں تاہم کہیں کہیں ہلکی پھوار پڑنے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








