کراچی میں آج بھی تیز ہوائیں، بارش کہاں کہاں ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Cloudy weather forecast for Karachi

کراچی: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں موسم کو ایک بار پھر سرد کر دینے والی تیز ہوائیں آج شام تک چلتی رہیں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی لہریں بلوچستان اور سندھ کو متاثر کر رہی ہیں اور اس سسٹم کے اثر و رسوخ کے باعث کراچی میں پیر کی شام سے تیز ہوائیں چلنا شروع ہو ئی ہیں جو آج شام تک چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق سے 34 سے 36 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ کراچی میں منگل کی صبح درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

دریں اثنامحکمہ موسمیات نے منگل کو بلوچستان اور ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ مغربی لہر 25 فروری کو بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے اور 26 فروری کو ملک کے کچھ حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

موسمی نظام کے زیر اثر چاغی، نوشکی، خاران، پنجگور، گوادر، آواران، خضدار، قلات، لسبیلہ، سبی، کوئٹہ، زیارت میں چند موسلادھار بارشوں کے ساتھ آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 25 اور 26 فروری کو سندھ کے جنوبی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی تھی۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

Related Posts