ایسا سبق جو بھارت کبھی نہیں بھولے گا، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 5 سال مکمل

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan marks five years since Operation Swift Retort

راولپنڈی: پاکستان کی حدود میں در اندازی کی کوشش ناکام بنانے اور بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کو گرفتار کرنے سے منسوب آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 5 سال مکمل ہوگئے۔

26 فروری 2019ء کو بھارت نے رات کے اندھیرے میں سرجیکل اسٹرائیک کے نام پر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ، بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کو کامیاب قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی طیاروں نے دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپ کو نشانہ بنایا اور 300 کے قریب دہشتگرد مارے گئے ہیں۔

بھارتی دراندازی کے اگلے ہی روز 27 فروری 2019ء کو پاک فضائیہ نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور ایک مختصر فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی طیارے کو مار گرایا، اس دوران بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کو بھی زندہ گرفتار کیا گیا، پاک فضائیہ نے اس آپریشن کو “آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ” کا نام دیا۔

زیرِ حراست بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی ایک وڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں اس نے پاکستانی چائے کی تعریف کی، سوشل میڈیا پر ’ٹی از فنٹاسٹک‘ کا ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر کئی روز تک ٹاپ ٹرینڈ پر رہا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 27 فروری 2019ء ہماری تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے، اس دن پاکستان کے عوام کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ مسلح افواج نے مؤثر طریقے سے بھارتی دعوؤں کو رد کیا، ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیتے رہیں گے لیکن اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کیخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Related Posts