کراچی: وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے بی ایس 22کے افسر سید آصف حیدر شاہ کو سندھ کا نیا چیف سیکریٹری مقرر کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی آصف حیدر شاہ اس وقت سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی وماحولیاتی رابطہ ڈویژن کے عہدے پر تعینات ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کا کہنا ہے کہ آصف حیدر شاہ نے 1993 میں سول سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور کئی اہم عہدوں پر کام کیا جیسے حیدرآباد اور کراچی کے کمشنر، کابینہ ڈویژن کے اسپیشل سیکریٹری، وزارت ثقافت کے وفاقی سیکریٹری اور پاور ڈویژن کے سیکریٹری کے عہدے پر تعینات رہے۔
آصف حیدر شاہ پیشے کے اعتبار سے سول انجینئر ہیں، انہوں نے آئی بی اے کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی اور ہارورڈ یونیورسٹی، امریکا سے ماسٹرز کیا۔ انہوں نے ہارورڈ اور سٹینفورڈ یونیورسٹیوں سے فیلوشپ بھی حاصل کی۔
ترجمان نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے چیف سیکریٹری غیر معمولی انتظامی مہارت کے مالک ہیں اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے ایک فعال نقطہ نظر رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ “حیدرآباد اور کراچی کے کمشنر کے طور پر ان کی ماضی کی کارکردگی کو معاشرے کے مختلف طبقات نے بڑے پیمانے پر سراہاگیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








