ٹرانسپورٹرز راضی ہوگئے، بسوں اور سوزوکی کے کرائے نہیں بڑھیں گے۔وزیر اعلیٰ

تازہ ترین

تازہ ترین

Murad Ali Shah
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز نے ہامی بھر لی ہے، بسوں، سوزوکی، منی بس اور کوسٹرز کے کرائے نہیں بڑھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز ٹرانسپورٹرز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم صوبے کے تمام غریب عوام تک سبسڈی پہنچائیں گے۔ وفاقی حکومت مسافر بسوں کو 1 لاکھ روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ ہم نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ میٹنگ کی اور حکمتِ عملی بنائی۔

نیوز کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز سے وعدہ کیا کہ سبسڈی دینے کیلئے ان کا جو بھی نقصان ہوگا، اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ ہم کاشتکاروں اور ٹرانسپورٹرز کو بھی سبسڈی دے رہے ہیں۔مسافر بس، منی بس، کوسٹر اور سوزوکی کے کرائے 28فروری کی سطح پر برقرار رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں عوام کو ریلیف ملے۔ خطے کی صورتحال کے باعث ضروری ہے کہ عوام بھی تعاون کریں۔ پوری قوم کومسائل کو سمجھ کر خود بھی سادگی اپنانا ہوگی۔ بجلی، گیس اور پیٹرول کی بچت بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے سندھ حکومت کی اسکیم میں حصہ لینے کیلئے رضامندی ظاہر کی۔ 28فروری سے پہلے والے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔ وفاقی حکومت ایک لاکھ سبسڈی دے رہی ہے جبکہ اسکول وین والوں کا اضافی بوجھ سندھ حکومت اٹھائے گی۔ ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے ٹرانسپورٹرز کا اضافی خرچ حکومت دے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو پیکیج دینے کا مقصد یہ ہے کہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو۔ اس موقعے پر صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحادنے بھی وزیر اعلیٰ سندھ کے اعلانات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت سے وعدہ کیا ہے کہ کرائے نہیں بڑھائیں گے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ حکمت عملی محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے پبلک ٹرانسپورٹرز کے ہمراہ میٹنگ میں تشکیل دی۔

Related Posts