کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر ایک فائر اسٹیشن ملازم فرقان سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ شادی کی شاپنگ کیلئے آنے والی 6خواتین بھی لاپتہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے آتشزدگی کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے مشہورومعروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا۔
کمشنر کراچی کو واقعے کی فوری انکوائری کرانےکی ہدایت جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنےکاحکم دیا،انہوں نےآگ کےباعث ہونےوالےجانی نقصان پرگہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نےہدایت دی کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور گل پلازہ میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کی مکمل جانچ کرتے ہوئے یہ معلوم کیا جائے کہ فائر سیفٹی قوانین پر کتنا عملدرآمد کیاجارہا تھا۔
دوسری جانب گل پلازہ میں شادی کی شاپنگ کیلئے آنے والی 6خواتین سمیت متعدد افراد کے پیارے تاحال اندر پھنسے ہوئے ہونے کا خدشہ ہے۔ لاپتہ ہونے والی 6خواتین کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ خواتین شادی کی شاپنگ کیلئے گھر سے نکلی تھیں، ان سے گزشتہ رات سے رابطہ نہیں ہورہا۔
گزشتہ 13گھنٹے سے گل پلازہ پر لگی ہوئی آگ تاحال بے قابو ہے۔ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے 20 سے زائد فائر ٹینڈرز اور 4اسنارکلز کے ہمراہ ریسکیو آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ فائر بریگیڈ کے ملازم فرقان کی لاش ملبے سے نکال لی گئی جو فائر اسٹیشن کا ملازم تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








